پاکستانی میڈیا: ایران، کابل اسلام آباد کشیدگی میں کمی کے اجلاس کی میزبانی کرے گا
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران آئندہ ماہ ایک علاقائی اجلاس کی میزبانی کرے گا جس کا مقصد پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اجلاس میں پڑوسی ممالک اور اہم علاقائی کھلاڑی شرکت کریں گے اور افغانستان کے استحکام اور علاقائی میکینزم کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔
سوشل میڈیا آوٹ لٹ 'خراسان ڈائری' نے روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کے ساتھ ایران کے نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ کے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی غرض سے دسمبر کے وسط میں ایک اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ خطیب زادہ نے اسپوتنک کو بتایا کہ اس اجلاس میں روس اور چین سمیت تمام پڑوسی ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق اجلاس میں اہم علاقائی مسائل پر غور اور علاقائی میکینزم کے ذریعے افغانستان میں استحکام کی حمایت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ارنا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر سید عباس عراقچی نے گزشتہ روز اپنے افغان اور روسی ہم منصبوں کے ساتھ الگ الگ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے جبکہ گزشتہ ہتفے انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ بھی ٹیلی فون پر بات کی تھی۔
گزشتہ اتوار کو اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے تہران میں بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ "حالیہ دنوں میں ہم پاکستان اور افغانستان کے درمیان استحکام اور امن کی کوششوں میں مصروف ہیں۔"
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے، امید ہے کہ اس کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے اور انشاء اللہ ہم خطے کے لیے ایک اجلاس بلانے میں کامیاب رہیں گے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی گزشتہ پیر کواسلام آباد اور کابل کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں مدد کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان موجودہ صورت حال کے حل میں مدد کرنے میں اپنے دوست اور برادر ملک ایران کے کردار کو اہم سمجھتا ہے۔