Nov ۱۸, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۵ Asia/Tehran
  • شیخ حسینہ کی سزائے موت پر ہندوستان کا پُرسکون اور ڈپلومیٹک رد عمل

بنگلہ دیش میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو عدالت کی طرف سے سزائے موت سنائے جانے پر ہندوستان نے پُرسکون ردعمل ظاہر کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ ایک قریبی پڑوسی کے طور پر بنگلہ دیش کے عوام کی بھلائی، امن، جمہوریت، اشتراک اور استحکام میں مدد کے لئے پرعزم ہے۔

ہندوستان کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ ڈھاکہ کی ایک عدالت نے گزشتہ روز ایک تاریخی فیصلے میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سزائے موت سنائی ہے۔

شیخ حسینہ کے لئے اس عدالتی فیصلے کے بعد ہندوستان کی وزارت خارجہ نے پرسکون اور ڈپلومیٹک ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان کی وزارت

خارجہ نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کر کے کہا ہے کہ ہندوستان،  بنگلہ دیش کے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ امن، جمہوریت، ترقی اور یک جہتی و ہم آہنگی کی راہ میں بنگلہ دیش کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ہندوستان سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔

بنگلہ دیش کی حکومت کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان حوالگی معاہدہ موجود ہے اور امید ہے کہ اس کی پاسداری کرتے ہوئے ہندوستان سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو ڈھاکہ کے حوالے کرے گی۔

 

ٹیگس