جرائم پیشہ افراد کی وجہ سے، ایران نے ہندوستانیوں کے لئے ويزا فری انٹری بند کر دی
اسلامی جمہوریہ ایران نے عام پاسپورٹ رکھنے والے ہندوستانیوں کے لئے 15 دن کی ویزا فری انٹری کو فی الحال معطل کر دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران:ہندوستانی شہریوں کے لیے ٹورسٹ ویزا فری انٹری کی سہولت 22 نومبر 2025 سے معطل کئے جانے کا اعلان کیا گيا ہے ۔
یہ اعلان نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانہ سے کیا گيا ہے ۔
اب تک ہندوستانی شہری جو ہوائی راستے سے ایران کا سفر کرتے تھے، انہیں ایران آنے کے لیے ویزا کی ضرورت نہیں تھی۔
ایرانی سفارت خانہ کے اعلان کے مطابق عام پاسپورٹ رکھنے والے ہندوستانی شہریوں کے لیے ایران میں یکطرفہ ٹورسٹ ویزا فری انٹری کی سہولت 22 نومبر 2025 سے ختم کر دی جائے گی اور اس تاریخ سے، عام پاسپورٹ رکھنے والے ہندوستانی شہریوں کے لئے ایران میں داخلے یا ٹرانزٹ کے لیے ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
اس سے قبل پیر کے روز ہندوستانی وزارت خارجہ نے کل اس سلسلے میں ایک بیان جاری کرکے بتایا تھا کہ ہندوستانی شہریوں کو روزگار و نوکری یا ایران کے ذریعے دوسرے ملک بھیجنے کے وعدوں کے ذریعے پھنسایا جا رہا ہے ۔
کچھ لوگ ہندوستانی عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری سہولیات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کا سفر کرتے ہیں،اور ایران پہنچنے کے بعد، بہت سے افراد کا اغوا ہو جاتا ہے اور ان کی رہائی کے لیے رقم طلب کی جاتی ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق، ایرانی حکومت نے ہندوستانی عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا فری سہولیات 22 نومبر 2025 سے معطل کر دی ہیں تاکہ مجرمانہ عناصر کی جانب سے اس سہولت کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ نے کہا: 22 نومبر 2025 سے عام پاسپورٹ رکھنے والے ہندوستانی شہریوں کو ایران میں داخلے یا ٹرانزٹ کے لیے ویزا لینا ہوگا۔
بیان میں ایران کا سفر کرنے والے ہندوستانی شہریوں کو سختی سے انتباہ دیا گيا ہے کہ وہ ایسی ٹریول ایجنسیوں سے دور رہيں جو ویزا فری سفر یا دوسرے ممالک کے لیے ایران کے راستے ٹرانزٹ کی پیشکش کرتی ہیں۔
واضح رہے ایران نے دو سال قبل خاص شرطوں کے ساتھ ہندوستانی شہریوں کو ایران سفر کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت کا اعلان کیا تھا۔
اس فیصلے کے تحت، عام پاسپورٹ ہولڈرز ہر چھ ماہ میں ایک بار بغیر ویزا کے ایران آ سکتے تھے اور 15 دن قیام کر سکتے تھے۔