Nov ۱۸, ۲۰۲۵ ۲۱:۱۳ Asia/Tehran
  • پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات روز بروز فروغ پا رہے ہیں: ایرانی وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے بحیرہ کیسپین کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو تہران کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔

سحرنیوز/ایران: سید عباس عراقچی نے بحیرہ کیسپین کے ساحلی صوبوں کے گورنروں کے پہلے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس کیسپین ریجن میں اپنے پڑوسیوں کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی غرض سے منعقد کیا گيا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ عرصہ قبل بحیرہ کیسپین کے ممالک کا سربراہی اجلاس منعقد کیا تھا اور جلد ہی ان ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔

سید عباس عراقچی نے صوبہ گیلان کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں مازندران اور گلستان کے گورنروں اور جمہوریہ آذربائیجان، ترکمانستان، قازقستان اور روس کے متعدد گورنروں کی شرکت کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بحیرہ کیسپین کے ساحلی صوبوں کو ایک دوسرے کی گنجائشوں سے روشناس کرانے اور موجودہ مسائل کے حل کے لیے راستے تلاش کرنے کی غرض سے بلایا گیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کیسپئن ریجن میں ٹرانزٹ روٹس، توانائی، سیاحت اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کی بے پناہ گنجائشیں موجود ہیں اور یہ اجلاس ایک دوسرے کی گنجائشوں کے بارے میں جاننے اور ان سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔

 

ٹیگس