نریندر مودی کی اپیل
ہندوستان میں وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں کمی نہ کی جائے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق نریندر مودی نے ملک میں موسم سرما اور آنے والے تہواروں کے پیش نظر ٹوئٹ کیا ہے کہ آئیے کورونا سے لڑنے کے لئے متحد ہوجائیں ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں عوام سے کہا ہے کہ ہمیشہ یاد رکھیں ، ماسک پہنیں، اپنے ہاتھوں کو دھوتے رہیں ، سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کریں اور دو گز کی دوری برقرار رکھیں ۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں سلوگن دیا ہے کہ جب تک دوائی نہیں تب تک ڈھیلائی نہیں ۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ انیس کے خلاف جنگ عوام کے ذریعے لڑی جارہی ہے اور ہماری اجتماعی کوششوں سے بہت سی زندگیاں بچانے میں مدد ملی ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ ہمیں اس جنگ کو جاری رکھنا ہوگا اور شہریوں کو اس وائرس سے بچانا ہوگا۔