ہندوستان کے مرکزی وزیر پاسوان کے انتقال پر صدر اور وزیر اعظم کی تعزیت
ہندوستان کے مرکزی وزیر پاسوان کے انتقال پر ہندوستان کے صدر، وزیر اعظم اور سیاسی جماعتوں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے لوک جن شکتی پارٹی کے بانی اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام ولاس پاسوان کی موت سے ملک نے ایک با بصیرت رہنما کو کھو دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ملک میں ایسی کمی پیدا ہوگئی ہے کہ جو شاید کبھی پوری نہ ہو۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے رام ولاس پاسوان کے انتقال پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تاحیات معاشرے کے پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا۔
واضح رہے کہ بہار کے سیاسی رہنما اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان طویل علالت کے بعد گزشتہ شام انتقال کر گئے۔ 74 سالہ رام ولاس پاسوان کئی دنوں سے اسپتال میں زیر علاج تھے لیکن جمعرات کی شام وہ زندگی کی جنگ ہار گئے۔ ان کے بیٹے اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چیراغ پاسوان نے ان کی موت کی اطلاع دی۔