ہندوستان میں کورونا کا زور ٹوٹ رہا ہے : وزیراعظم مودی
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک 88 فیصد لوگ صحت یاب ہوئے ہیں۔
ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کی شام گرانڈ چیلنجز اینول میٹنگ - 2020‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم کورونا وائرس کے یومیہ معاملات اور کچھ دیگر معاملات میں کمی دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان میں آج صحتیاب ہونے کی شرح 88 فیصد پر پہنچ گئی ہے ، جو سب سے زیادہ ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ یہ میٹنگ ہندوستان میں منعقد کی جانی تھی جس میں تمام لوگوں کے پہنچنے کا امکان تھا ۔ لیکن بدلی ہوئی صورتحال میں اسے ورچوئل منعقد کیا جا رہا ہے ۔ یہ ٹیکنالوجی کی طاقت ہے کہ ہمیں عالمی وبا کورونا وائرس بھی الگ نہیں رکھ سکتی ہے ۔
دوسری جانب 30 اکتوبر 2020 بروز جمعہ کو ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح ریاست کرناٹک میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم منایا جارہا ہے ۔ جشن آمد رسول کے پیش نظر کرناٹک کی نمائندہ اہلسنت تنظیموں کا کل بنگلورو میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا وبا کی وجہ سے عید میلاد کیلئے جاری کی گئی ریاستی حکومت کے گائیڈ لائنس کی تمام سنی تنظیموں نے تائید کی اور متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ اس مرتبہ عید میلاد النبی کا جلوس نہیں نکالا جائے گا ۔ عوامی مقامات پر سیرت رسول پاک کے جلسے اور تقاریب منعقد نہیں کئے جائیں گے۔
در ایں اثناء مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا ہے کہ اگلے سال فروری تک ہندوستان میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسیز کی تعداد کم ہوکر صرف 40 ہزار رہ جائے گی ۔