کسان اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: کسان تنظیموں کا اعلان
ہندوستان کے کسانوں نے کہا ہے کہ تحریک بدستور جاری رہے گی۔
کسانوں کی مختلف تنظیموں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے اس وقت تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کسان رہنماوں کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات میں اگر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو یہ مسئلہ جلد ہی حل ہو سکتا ہے۔ در ایں اثناء سپریم کورٹ آف انڈیا نے دہلی کی سرحد پر ایک ماہ سے زیادہ وقت سے جاری کسانوں کی تحریک کے سبب کورونا انفیکشن بڑھنے کے خدشے کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی صدارت والی بنچ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ کسان تحریک میں کورونا وبا سے بچنے کے لئے ضابطوں پر سختی سے عمل کرائے۔
چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بینچ نے جمعرات کو سماعت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کے احتجاجی مقامات پر کورونا وائرس انفیکشن کے معاملے بڑھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ کل زرعی قوانین کے خلاف کسان تحریک کی حمایت میں کسانوں نے ٹریکٹر ریلی نکالی۔