دہلی میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخابات، بی جے بی کا صفایا
دہلی میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے پانچ میں سے چار نشستیں حاصل کرلیں جبکہ بی جے پی کو ایک بھی نشست نہ مل سکی ۔
دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق دہلی میونسپل کارپوریشن ایم سی ڈی کے پانچ وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں چار نشستیں عام آدمی پارٹی نے حاصل کرلی ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق ایک نشست کانگریس پارٹی کو ملی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہ کرسکی ۔
ایم ڈی سی کے پانچ وارڈوں کے ضمنی انتخابات میں اٹھائیس فروری کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور بدھ تین مارچ کو نتیجے کا اعلان کیا گیا ۔
دہلی کے وزیر اعلا اروند کیجریوال نے نتیجے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی کے عوام نے کام کے نام پر ووٹ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی کے عوام ایم سی ڈی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پندرہ سال سے جاری بد انتظامی سے پریشان ہیں اور ایم سی ڈی میں بھی عام آدمی پارٹی کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
دہلی کے نائب وزیر اعلا منیش سیسودیا نے کہا ہے کہ پانچ وارڈوں کے ضمنی الیکشن کے نتائج سے واضح ہوگیا ہے کہ اگلے سال ایم سی ڈی کے انتخابات میں عوام عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں گے۔