Apr ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کا پھیلاؤ

ہندوستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں وحشتناک شدت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں، دنیا میں کورونا کے سب سے زیادہ نئے مریضوں کا اندراج ہندوستان میں کیا گیا ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں کورونا کے ایک لاکھ پندرہ ہزار سات سو چھتیس نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا ۔ اس دوران مزید چھے سو تیس کورونا کے مریض جان کی بازی ہار بیٹھے.

ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات مہاراشٹر میں دو سو ستانوے، اس کے بعد پنجاب میں اکسٹھ، چھتیس گڑھ میں ترپن اور کرناٹک میں انتالیس ریکارڈ کی گئی ہیں ۔ہندوستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ چھیاسٹھ ہزار ایک سو ستتر اور زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے آٹھ لاکھ تینتالیس ہزار چار سو تہتر ہوگئی ہے۔

 دوسری جانب ملک میں کورونا کی نئی لہر میں وحشتناک شدت آنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر ‎سختی سے عمل کریں ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ عوام سے کورونا ویکسین لگوانے کی بھی اپیل کی ۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کورونا کی وبا کے خلاف جنگ کے تحت دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ لگانے کی مہم چلارہا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ عوام ٹیکہ لگوا کے اس مہم کو مستحکم بنائیں۔

ٹیگس