May ۱۹, ۲۰۲۱ ۲۳:۰۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کورونا کی تسیری لہر کے خدشات

دہلی میں ریاستی وزیر اعلی اروند کیجریوال کی صدارت میں کورونا کی تیسری لہر کے مقابلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کورونا کی دوسری لہر سے ابھی نجات نہیں مل سکی ہے کہ ملک میں تیسری لہر کے خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں ۔

مختلف ہندوستانی حلقوں میں یہ بات گردش کررہی ہے کہ کورونا کی تیسری لہر ، دوسری لہر سے بھی زیادہ وحشتناک اور ہلاکت خیز ہوسکتی ہے۔

اس خدشے کے پیش نظر بدھ کو دہلی میں وزیر اعلا اروند کیجریوال کی صدارت میں ایک اعلی سطحی ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ اس میٹنگ میں کورونا کی تیسری لہر کے مقابلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
دہلی کے وزیر اعلی نے اس میٹنگ میں کہا کہ اگر کورونا کی تیسری لہر آتی ہے تو ہمیں پہلے سے ہی اس سے جنگ کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر سے بچوں کو بچانے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تیار کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کے لئے اسپتالوں میں بستر ، آکسیجن اور دواؤں کا پہلے سے ہی بندوبست ضروری ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی دوسری لہر میں یومیہ متاثرین کی تعداد تدریجی طور پر کم ہورہی ہے لیکن اموات میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔

ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد کم ہوکے دو لاکھ ستر ہزار سے نیچے آگئ ہے لیکن بدھ کو یومیہ اموات چار ہزار پانچ سو سے زائد ریکارڈ کی گئیں۔

 

ٹیگس