ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد میں کمی
ہندوستان میں کورونا سے یومیہ متاثرین کی تعداد, پینتالیس دن کے بعد دو لاکھ سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہندوستانی وزارت صحت نے جمعے کو اعلان کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے ایک لاکھ چھیاسی ہزار تین سو چونسٹھ نئے مریضوں کا اندارج کیا گیا ۔اس سے پہلے چودہ اپریل کو ہندوستان میں کورونا کے ایک لاکھ چوراسی ہزار تین سو بہتر نئے مریض سامنے آئے تھے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں تین ہزار چھے سو ساٹھ کورونا کے مریض جان کی بازی ہار گئے ۔ہندوستانی وزارت صحت کے مطابق اس دوران ایک لاکھ انہتر ہزار چار سو انسٹھ کورونا کے مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے شفایابی کی شرح بڑھ کے نوے اعشاریہ تین چار فیصد ہوگئی۔
ہندوستان میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو کروڑ پچھتر لاکھ پچپن ہزار چار سو ستاون ہےجن میں سے تین لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو پچانوے افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، دو کروڑ اڑتالیس لاکھ ترانوے ہزار چار سو دس افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں اور تیئس لاکھ تینتالیس ہزار ایک سو باون افراد زیر علاج ہیں۔