ہندوستانی وزیر اعظم کا دعوا، کورونا پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی
ہندوستان کے وزیر اعظم مودی نے کہا ہے کہ اکیس جون سے اٹھارہ سال سے زائد عمر کے لوگوں کو مفت کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
ہندوستانی وزیر اعظم مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا بحران گزشتہ ایک سو سال کا سنگین ترین بحران تھا لیکن بقول ان کے حکومت نے اس وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی-
انہوں نے کہا کہ اکیس جون سے ملک میں کورونا ویکسینیش کی نئی حکمت عملی کے تحت اٹھارہ سال سے زائد عمر کے سبھی لوگوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی۔ مودی کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت ویکسینیشن کے عمل میں ریاستوں کا عمل دخل ختم کر کے اس مہم کی ذمہ داری اپنے ہاتھ میں لے رہی ہے۔
ہندوستانی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت اب ریاستوں کو مفت میں ویکسین فراہم کرے گی-
نریندر مودی کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اپوزیشن اور ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس اتنے ویکسین موجود ہی نہیں ہیں جتنے وہ لگانے کی بات کر رہی ہے۔ اسکے علاوہ یہ کہ گزشتہ مہینوں میں عوام کو دوا، آکسیجن اور دیگر طبی وسائل و سہولیات کی فراہمی میں سخت ترین اور ناگفتہ بہ حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ہزاروں افراد آکسیجن اور دوائیں نہ ملنے کے باعث کورونا کے سبب اپنی جان گنوا بیٹھے جس پر ریاستی حکام نے کورونائی صورتحال کو مہار کرنے کے سلسلے میں مرکزی حکومت کے کردار کو غیرذمہ دارانہ قرار دیا تھا۔