Jul ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی حکومت پر اپوزیشن رہنماؤں کا الزام، حکومت کورونا کے معاملے میں غلط بیانی کر رہی ہے

ہندوستان میں اپوزیشن جماعت کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت پر کورونا ویکسینیشن کے تعلق سے غلط بیانی سے کام لینے کا الزام لگایا ہے۔

کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا اور سینئر کانگریسی رہنما پی چدمبرم نے منگل کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت پر سخت حملے کئے۔
دونوں رہنماؤں نے کورونا کے تعلق سے حکومت پر غلط بیانی کے الزام کا اعادہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں، کورونا ویکسین کی کمی ہے لیکن حکومت کے بیانات اس کے برعکس ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے مرکزی وزیر صحت بھی سابق وزیر صحت کی طرح اس سلسلے میں غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔
سابق مرکزی وزیر اور کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما پی چدمبر نے اس پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سابق وزیر صحت ہرش وردھن مسلسل غلط بیانی کرتے رہے اور اب نئے وزیر صحت من سکھ لال منڈاویا بھی کورونا ویکسین کی دستیابی کے بارے میں سچ نہیں بول رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو غلط بیانی کے بجائے ویکسین کی پیداوار بڑھانی چاہئے۔

پی چدمبر نے کہا کہ اگر رواں سال کے آخر تک ملک کی پوری آبادی کو کورونا کا ٹیکہ لگا دینے کا ہدف حاصل کرنا ہے تو روزانہ اسّی لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں روزانہ صرف چالیس لاکھ لوگوں کو ہی کورونا کا ٹیکہ لگ پا رہا ہے کیونکہ ویکسین کی قلت ہے۔
کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کو سال کے آخر تک ٹیکہ مہم کا ہدف حاصل کرنے کے لئے ویکسین کی پیداوار و سپلائی بڑھانے پر توجہ دینی چاہیئے۔

ٹیگس