سرحد پر کشیدگی کم کرنے کے مقصد سے ہندوستان و چین کے وزرائے خارجہ کی گفتگو
تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارت اور چین کے درمیان سرحدی تناؤ کو کم کرنے کے مقصد سے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے گفتگو کی۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور انکے چینی ہم منصب وانگ یی نے دونوں ملکوں کی سرحد کی تازہ صورتحال اور وہاں امن و سکون برقرار رکھنے کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ نے اس ملاقات سے متعلق ایک بیان جاری کیا جس میں آیا ہے کہ بھارت اور چین کے وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے فوجی عہدیدار اور سفارتکار تناؤ ختم کرنے کے لئے سبھی ضروری نکات کا جائزہ لینے کے لئے مستقبل قریب میں ایک دوسرے سے ملاقات کریں۔
ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی اختلاف کے مسئلہ پر 2003 سے اب تک کئی بار گفتگو ہوئی ہے، لیکن اسکا کوئی مؤثر نتیجہ سامنے نہیں آيا۔ اسکے علاوہ حالیہ برسوں میں لداخ کے علاقے گلوان میں دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے، جسمیں طرفین کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
لداخ کا علاقہ دونوں ممالک کے مابین تنازعہ کا اہم سبب شمار ہوتا ہے۔