ہندوستان نے غیر ملکی سیاحوں پر دروازے کھول دئے
ہندوستان نے عرصہ دراز سے بند غیر ملکی سیاحوں کی آمد کے سلسلے کو دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ارنا نیوز کے مطابق ہندوستان کی وزارت داخلہ نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی سیاح ۱۵ اکتوبر سے ٹورسٹ ویزا لے کر ملک میں داخل ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ برس مارچ سے ہندوستان کی حکومت نے ملک میں کورونا کے باعث پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال کے بعد سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی مگر اب ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد ہندوستان کی حکومت نے کورونا کی صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کی آمد کے سلسلے کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یاد رہے کہ سیاحت ہندوستان کے اقتصاد میں خاص اہمیت کی حامل ہے۔ ہندوستان میں مجموعی طور پر تین ہزار چھے سو اکیانوے ایسے تاریخی اور ثقافتی مراکز ہیں جو کروڑوں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کرتے ہیں۔
ہندوستان کو کورونا کے پھیلاؤ کے باعث غیر ملکی سیاحت کے شعبے میں تیس ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ دوہزار انیس میں ایک کروڑ دس لاکھ غیر ملکی اور ساڑھے اٹھارہ کروڑ ملکی سیاحوں نے ہندوستان میں سیاحت کے تاریخی، ثقافتی اور قدرتی مراکز کا دورہ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق دوہزار انیس میں ہندوستان نے غیر ملکی سیاحوں سے تقریبا انتیس ارب چھانوے کروڑ سے زائد ڈالر سے کمائے تھے تاہم مارچ دوہزار بیس سے یہ سلسلہ پوری طرح تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔