ہندوستان میں تیل کی قیمتوں میں پھر اضافہ
ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں جمعہ کے روز مسلسل دوسرے دن پینتس پینتس پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی قومی دارالحکومت دہلی میں جمعے کو پینتس پیسے فی لیٹر کے اضافے کے ساتھ پیٹرول ایک سو پانچ روپے چودہ پیسے روپے فی لیٹر اور ڈیزل ترانوے روپے ستاسی پی فی لیٹر ہو گیا ہے۔
اس سے قبل پیر کو، مسلسل ساتویں دن، پیٹرول تیس پیسے فی لیٹر اور ڈیزل پینتس پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا تھا۔ اس کے بعد دو دن تک قیمتیں بڑھی ہوئی سطح پر برقرار رہیں لیکن جمعے کو پھر اس میں شدت آگئی۔
نئے اضافے کے بعد ممبئی میں پٹرول ایک سو گیارہ روپے نو پیسے اور ڈیزل ایک سو ایک روپے اٹھہتر پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پیٹرول ایک سو تیرہ روپے تہتر پیسے فی لیٹر اور ڈیزل ایک سو تین روپے تین پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔
ہندوستان کے بیشتر بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت سو روپے فی لیٹر سے تجاوز کرچکی ہے اور ڈیزل بھی ایک سنچری لگانے کی طرف بڑھ رہا ہے جبکہ بعض شہروں میں ڈیزل بھی سو روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گیا ہے۔