Oct ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۳:۴۱ Asia/Tehran
  • حیدرآباد دکن میں سولہویں قادرعلی بیگ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز

حیدرآباد دکن میں سولہویں قادرعلی بیگ تھیٹر فیسٹیول کا آغاز ہوگیا ہے۔

ہندوستان کے حیدرآباد دکن میں تلنگانہ حکومت کے تعاون سے جمعرات اکیس اکتوبر سے شروع ہونے والا یہ سولہواں سالانہ تھیٹر فیسٹیول چوبیس اکتوبر تک جاری رہےگا۔ گزشتہ سال کورونا وباء کی وجہ سے اس فیسٹیول کا آن لائن اہتمام کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ بھی کئی اہم شخصیات اس فیسٹیول کی رونق بڑھا رہی ہیں جن میں ایلاارون، کے کے رینا، ڈینزل اسمتھ اور ہبہ شاہ حصہ لیں گے۔
قادر علی بیگ تھیٹر کے روح رواں، پدم شری محمد علی بیگ ہیں جو مسلسل کئی برس سے ہندوستانی تھیٹر کے منتخب اداکاروں اور عالمی شہرت یافتہ لکھاریوں کو پیش کر رہے ہیں۔
یہ فیسٹیول، ہندوستانی تھیٹر کی افسانوی شخصیت قادر علی بیگ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر سال منعقد کیا جا تا ہے۔ معظم جاہی مارکٹ پر ہوئی افتتاحی تقریب میں پرنس معظم جاہ شجیع کا کلام محمد علی بیگ نے پیش کیا اور اسے مالابراریہ نے ترنم میں پیش کیا۔
فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں تلنگانہ کے ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے فیسٹیول کے بروشر کی رسم اجراء انجام دی جس کے بعد ایک ڈرامہ ’گارڈس ایٹ دی تاج‘ پیش کیاگیا۔ فیسٹیول کے دوران کوویڈ پروٹوکول پر عمل کیا گیا۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ سیاحت، اطلاعات و تعلقات عامہ اور سنگارینی کالریز نے اس تھئیٹر فیسٹیول کے اہتمام میں تعاون کیا ہے۔

 

ٹیگس