صدر ہندوستان نے اہم شخصیات کو پدم ایوارڈ سے نوازا
صدر ہندوستان نے منگل کو جاپان کے سابق وزیر اعظم آبے شنزو اور ملک کی مختلف اہم شخصیات کو پدم ایوارڈ سے نوازا۔
نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر کے دربار ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں صدررام ناتھ کووند نے پدم ایوارڈ تقسیم کئے ۔جن شخصیات کو منگل کو پدم ایوارڈ دیئے گئے ان میں جاپان کے سابق وزیر اعظم آبے شنزو، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے سابق ڈائریکٹر جنرل بی بی لال، ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں، لوک سبھا کی سابق اسپیکر سمترا مہاجن، سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان اور آسام کے سابق وزیر اعلی ترون گوگوئی سمیت متعدد اہم شخصیات شامل ہیں۔رام ولاس پاسوان اور ترون گوگوئی کو یہ ایوارڈ بعد از مرگ دیا گیا ہے جو مسٹرپاسوان کے بیٹے اور مسٹر گوگوئی کی اہلیہ نے وصول کئے۔
قابل ذکر ہے کہ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے سابق ڈائریکٹر جنرل بی بی لال کو ہندوستان کا دوسرا بڑا شہری ایوارڈ پدم وی بھوشن، بابری مسجد کے نیچے مبینہ طور پر رام مندر کے کھنڈرات کا پتہ لگانے پر دیا گیا ہے۔ہندوستان کے صدر نے مسٹر بی بی لال کو یہ ایوارڈ ایسی حالت میں دیا ہے کہ ان کے دعوے کو ہندوستان کے کسی بھی معتبر ادارے نے تسلیم نہیں کیا ہے جبکہ ان کا دعوی ہندوستان میں فرقہ واریت میں شدت آنے اور مذہبی رواداری کے مجروح ہونے کا بھی باعث بنا ہے۔