آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کونیجیتی روشائیا انتقال کر گئے
آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلیٰ کونیجیتی روشائیا (Konijeti Rosaiah) کا انتقال ہو گیا ہے۔ انہوں نے آج صبح آخری سانس لی ۔
ہفتہ کی صبح روشائیا کا بی پی اچانک کم ہو گیا اور اس کی نبض کی رفتار دھیمی ہوگئی۔ گھر والوں نے انہیں بنجارہ ہلز کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ چکے تھے ۔
روشیا کے جسد خاکی کو اسپتال سے امیر پیٹ میں واقع ان کے گھر لایا کیا گیا۔ کونیجیتی روشیا ( Konijeti Rosaiah) کی موت پر کانگریس سمیت تمام سیاسی پارٹیوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کے تمام جماعتوں کے لیڈروں سے اچھے تعلقات تھے۔ ان کی تعزیت کیلئے کئی سیاسی لیڈران ان کے گھر پہنچے ہیں۔
واضح رہے کہ کونیجیتی روشیا Konijeti Rosaiah نے 24 نومبر 2010 کو آندھرا پردیش ( Andhra Pradesh ) کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ انہوں نے یہ استعفیٰ بڑھاپے اور صحت کی خرابی کے باعث کام کے زیادہ بوجھ کی وجہ سے دیا تھا۔ وائی ایس آر ریڈی کی موت کے بعد 2 ستمبر 2009 کو کانگریس پارٹی کے کونیجیتی روشیا کو آندھرا پردیش کا وزیر اعلیٰ مقرر کیا گیا تھا۔
کونیجیتی روشیا ریاست آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ اور تمل ناڈو اور کرناٹک کی ریاستوں کے گورنر رہ چکے ہیں۔
کونیجیتی روشائیا 4 جولائی 1933 کو گنٹور ضلع کے گاؤں ویمورو میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے گنٹور ہندو کالج سے کامرس کی تعلیم حاصل کی تھی۔