Dec ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بدھ کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بارے میں تحقیقات

ہندوستان میں بدھ کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بارے میں تینوں مسلح افواج کی ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تحقیقات کرے گی۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ، ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے کے بارے میں بریفنگ دی۔
انھوں نے ایوان کو بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم صادر کردیا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ایئر مارشل مانویندر سنگھ کریں گے جو فضائیہ کی ٹریننگ کمان کے آفیسر کمانڈنگ انچیف ہیں۔
یاد رہے کہ ہندوستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، بدھ کو ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں اپنی اہلیہ کے ساتھ ہلاک ہوگئے۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں ہندوستانی فوج اور فضائیہ کے کئی سینیئر افسران بھی موجود تھے۔
ہیلی کاپٹر کے اس حادثے میں جنرل بپن راوت سمیت تیرہ افراد ہلاک ہوئے۔

 

ٹیگس