Mar ۱۱, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • چار ریاستوں میں کامیابی کے باوجود راجیہ سبھا میں اکثریت سے دور ہے بی جے پی

بی جے پی نے اترپردیش کی 403 اسمبلی سیٹوں میں سے 251سیٹیں جیت لی ہیں اور وہ تین سیٹوں پر آگے چل رہی ہے۔اس طرح بی جے پی 254سیٹوں پر آگے ہے۔

ہندوستان کی پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتراکھنڈ، گوا، منی پور اور اترپردیش میں واضًح اکثریت حاصل کرلی ہے جبکہ پنجاب میں عام آدمی پارٹی نے تاریخی جیت درج کرکے سیاست کی سمت تبدیل کردی ہے۔

بی جے پی،  چار ریاستوں میں زبردست جیت کے باوجود راجیہ سبھا میں اکثریت سے دور ہے، اس لئے کہ اس وقت راجیہ سبھا میں بی جے پی کے پاس کل 97 سیٹیں ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے ساتھ یہ تعداد 114 ہے، لیکن اپنے طور پر بی جے پی اب بھی اکثریت کے اعداد و شمار سے دور ہے۔ اتر پردیش میں پارٹی کی سیٹیں پچھلی بار کے مقابلے کم ہوئی ہیں جس کا اثر راجیہ سبھا کی سیٹوں پر پڑے گا۔ ساتھ ہی اتراکھنڈ میں بی جے پی کی سیٹیں بھی کم ہوئی ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں جیت کا فائدہ عام آدمی پارٹی کو ملے گا۔ سماج وادی پارٹی بھلے ہی اتر پردیش میں ہار گئی ہو، لیکن راجیہ سبھا میں اسے پچھلی بار سے زیادہ سیٹیں جیتنے کا فائدہ ملنے والا ہے۔

2022  میں راجیہ سبھا کے 75 ممبران اپنی مدت پوری کر رہے ہیں۔ اس میں 7 نامزد ارکان بھی شامل ہیں، جب کہ کرناٹک اور بہار میں ایک ایک سیٹ خالی ہے۔ اس مہینے کی 31 تاریخ کو 6 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 13 سیٹوں کے لیے انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جن میں سے 5 سیٹیں صرف پنجاب کی ہیں۔ اس کے علاوہ کیرالہ میں تین، آسام میں دو، ہماچل پردیش، تریپورہ اور ناگالینڈ میں ایک ایک سیٹ شامل ہے۔

اگر ہم پنجاب کی بات کریں تو یہاں عام آدمی پارٹی کو یکطرفہ کامیابی ملی ہے۔ AAP نے 117 میں سے 92 سیٹوں پر قبضہ کیا ہے۔ ریاست کی پانچ راجیہ سبھا سیٹوں میں سے دو اکالی دل، دو کانگریس اور ایک بی جے پی کے پاس ہے۔ نتائج سے صاف ہے کہ اکالی دل، کانگریس اور بی جے پی اپنی سیٹیں نہیں بچا پائیں گے۔ ایسے میں یہاں کی پانچوں سیٹیں عام آدمی پارٹی کے کھاتے میں جائیں گی۔ راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے پہلے ہی تین ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ پنجاب کی پانچ سیٹیں جوڑ کر، راجیہ سبھا میں AAP کی تعداد 8 تک پہنچ جائے گی۔

ٹیگس