ہندوستان روس سے تیل کی خریداری جارے رکھے گا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i403263-ہندوستان_روس_سے_تیل_کی_خریداری_جارے_رکھے_گا
ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ نئی دہلی اپنے قومی مفاد کے تحت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Apr ۰۲, ۲۰۲۲ ۰۷:۲۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان روس سے تیل کی خریداری جارے رکھے گا

ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ نئی دہلی اپنے قومی مفاد کے تحت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے گا۔

 ہندوستان کی سرکاری ریفائنریوں نے یوکرین میں جنگ کے آغاز کے بعد روس سے تیل کی خریداری دوگنی کر دی ہے۔ ہندوستانی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے سی ان بی سی سے انٹرویو میں کہا کہ ہم نے خریداری شروع کی ہے، تین چار دن ہوئے ہیں اور یہ عمل جاری رہے گا۔

گزشتہ ہفتے ہندوستان کے وزیر پٹرولیئم ہردیپ سنگھ پری نے کہا تھا کہ ہندوستان نے روس سے آئندہ تین چار مہینے کچے تیل کی فراہمی کے لئے معاہدہ کیا ہے۔ روس نے ہندوستان کو یوکرین جنگ کے آغاز سے قبل کی تیل کی قیمت میں ہر بیرل پر 35 ڈالر کم قیمت کی پیشکش کی ہے۔

اس سے پہلے ہندوستان کے دورے پر گئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات میں کہا کہ ہمارے مغربی ہم منصب سھبی بین الاقوامی مسائل کو یوکرین کے بحران سے جوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اس کے برخلاف ہندوستان نے اپنے موقف میں یوکرین جنگ کے سبھی جوانب کو مدنظر رکھتے ہوئے یک طرفہ رائے نہیں قائم کی۔

اس رپورٹ کے مطابق، جہاں ایک طرف ہندوستان نے یوکرین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے وہیں دوسری طرف وہ سکورٹی کاؤنسل میں روس کی مذمت میں پیش ہونے والی کسی بھی قرارداد میں شامل نہیں ہوا۔