امت شاہ کے دورے کے خلاف پڈوچیری میں مظاہرے
ہندوستان میں مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری کے دورے کے موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ کو سیاہ جھنڈے دکھائے گئے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے پڈوچیری کے دورے کے موقع پر کانگریس پارٹی اور بائیں بازو کی جماعتوں نیز ودو تھلائی چروتھائیگل کچھی، وی سی کے، کے کارکنوں نے مظاہرے کئے ۔ ان مظاہروں میں امت شاہ کو سیاہ جھنڈے دکھائے گئے اور ان کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
پڈوچیری میں امت شاہ کے خلاف یہ مظاہرے ان کے اس بیان پرکے خلاف ہوئے ہیں جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ملک کی سبھی ریاستوں میں ہندی کو لازمی قرار دیا جائے گا اور انگریزی کے بجائے ہندی رابطے کی زبان ہوگی ۔
رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہروں میں پڈوچیری کے سابق وزیر اعلا وی نارائن سامی اور حزب اختلاف کے دیگر اہم رہنماؤں نے بھی شرکت کی ۔
امت شاہ کے خلاف انجام پانے والے ان مظاہروں میں مرکزی حکومت سے پڈوچیری کے مالی بحران کو ختم کرنے کے لئے اضافی فنڈ فراہم کرنے، نیز 70 فیصد مرکزی گرانٹ کی فراہمی اور یونین کے پرانے قرضے معاف کرنے کے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ وعدے مرکزی حکومت نے پڈوچیری کے اسمبلی انتخابات کے وقت کئے تھے۔