اترپردیش کی حکومت میں خواتین غیر محفوظ، پرینکا گاندھی
ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری پرینیکا گاندھی نے ملک کی سب سے بڑی ریاست یوپی میں خواتین کو انتہائی غیر محفوظ قرار دیا ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سیکریٹری اور ریاست یوپی کی انچارج پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ یوگی حکومت کی بلڈوزر پالیسی کے شور میں لا اینڈ آرڈر دب کے رہ گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت میں ریاست کی حالت یہ ہوگئی ہے کہ اب خواتین بقول ان کے تھانوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاست یوپی کے علاقے للت پور میں اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بننے والی ایک تیرہ سالہ بچی تھانے پہنچی تو وہاں بھی اس کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
انھوں نے کہا کہ اس انتہائی گھناؤنے واقعے سے پتہ چلتا ہے کہ ریاست میں بلڈوزر کے شورو غل میں لا اینڈ آرڈر کی بدترین صورتحال کی حقیقت کو کس طرح چھپایا جارہا ہے۔
انھوں نے سوال کیا کہ کیا یوپی حکومت نے پولیس اسٹیشنوں میں خاتون اہلکاروں کی تعداد بڑھانے اور تھانوں میں خواتین کو محفوظ بنانے کے لئے کبھی سنجیدگی کے ساتھ سوچاہے ؟
انھوں نے کہا کہ جب پولیس اسٹیشن اور تھانے ہی محفوظ نہیں ہیں تو پھر عوام اپنی شکایت لے کر کہاں جائیں ۔