ملک کا قانون سب کے لئے برابر ہے، بی جے پی
ہندوستان کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہا ہے کہ ملک کا قانون سب کے لئے برابرہے اور کسی کو استثنا نہیں دیا جاسکتا۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق بی جے پی ترجمان گورو بھاٹیہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کی حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ بدعنوانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انھوں نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور رکن پارلیمان راہل گاندھی کے خلاف نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے نوٹس جاری کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تفتیشی ادارے بقول ان کے پوری غیر جانبداری کے ساتھ بے خوف ہوکر کام کررہے ہیں اور ان کی حکومت کسی کو بھی نہیں بچائے گی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران صرف حزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف ہی مختلف تفتیشی ایجنسیوں نے مقدمات قائم کئے ہیں۔
ہندوستان کے آزاد صحافتی اور تجزیاتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت ایجنسیوں سے اپنے مخالفین کو دبانے کے لئے کام لے رہی ہے۔
ادھر بدھ کو دہلی کے وزیر اعلی کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے وزیر صحت کو جعلی کیس تیار کرکے گرفتار کیا گیا اور تفتیشی اداروں کو نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے خلاف کیس تیار کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
کانگریس پارٹی نے بھی نیشنل ہیرالڈ منی لانڈرنگ کیس کو جعلی قرار دیتے ہوئے پارٹی صدر سونیا گاندھی اور ایم پی راہل گاندھی کے نام انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے نوٹس کو پارٹی پر دباؤ ڈالنے سے تعبیر کیا ہے۔