Jul ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۵ Asia/Tehran
  • ہندوستانی صحافی کو نئے الزامات کا سامنا

دہلی پولیس نے صحافی محمد زبیر پر چند نئے الزامات عائد کردیئے ہیں ۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق دہلی پولیس نے دو ہزار اٹھارہ کے ایک ٹوئٹ کے بہانے گرفتار صحافی محمد زبیر پر مجرمانہ سازش اور ثبوت مٹانے کے الزامات بھی عائد کردیئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے پٹیالہ ہاؤس کورٹ کو بتایا ہے کہ مجرمانہ سازش اور ثبوت مٹانے کے الزامات ، فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ کی دفعہ پینتیس کے ساتھ منسلک کئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے صحافی محمد زبیر کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے  چودہ دن کے ریمانڈ کی درخواست کی ہے ۔
یاد رہے کہ دہلی پولیس نے صحافی محمد زبیر پر دو ہزار اٹھارہ میں ایک ٹوئٹ میں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔
ہندوستان کی حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں نے صحافی محمد زبیر کی گرفتاری کو بے جی پی حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور محمد زبیر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دہلی پولیس نے محمد زبیر پر نئے الزامات ایسی حالت میں عائد کئے ہیں کہ اس نے نوپور شرما کو اب تک گرفتارنہیں کیا ہے جس کے توہین آمیز بیان کی وجہ سے پوری دنیا میں ہندوستان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ہندوستانی سپریم کورٹ نے بھی نوپور شرما کو اب تک گرفتار نہ کرنے پر جمعے کو دہلی پولیس کی سرزنش کی ہے۔
ہندوستانی سپریم کورٹ نے نوپور شرما کی ایک درخواست پر سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں دہلی پولیس کی سخت سرزنش کی ہے۔

ہندوستان کی عدالت عظمی نے استفسار کیا ہے کہ دہلی پولیس نے نوپور شرما کی گرفتاری کے لئے اب تک کیا کیا ہے ؟

ٹیگس