Jul ۱۳, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • حکمراں بی جے پی پر سی بی آئی اور ای ڈی سے بطور حربہ کام لینے کا الزام

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے ایک بار پھر حکمراں بی جے پی پر، اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی سے بطور حربہ کام لینے کا الزام لگایا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق کانگریس پارٹی کے ترجمان گورو ولبھ نے بدھ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکمراں بھارتیہ پارٹی پارٹی ملک کی سماجی ہم آہنگی بگاڑنے اور سیاسی صف بندی میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے پاس بے روزگاری اور مہنگائی جیسے اہم عوامی مسائل سے نمٹنے کے لئے نہ کوئی حکمت عملی اور نہ ہی کوئی ویژن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف مرکزی تحقیقاتی ادارے، سی بی آئی اور ای ڈی، سے بطور ہتھیار کام لینے میں مصروف ہے۔
کانگریس پارٹی کے ترجمان نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار بیس اکیس میں بے روزگاری کی شرح سات اعشاریہ آٹھ فیصد تک پہنچ گئی اور گزشتہ جون میں بقول ان کے پچیس لاکھ افراد بے روزگار ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت کو بتانا چاہئے کہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نیز روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کو روکنے کے لئے کیا کر رہی ہے۔

 

ٹیگس