Jul ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں کانگریس پارٹی کا مہنگائی کے خلاف احتجاج

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دودھ ، دہی ، مکھن اور روٹی جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء پر، جی ایس ٹی بڑھائے جانے پر حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق  ہندوستان کی کانگریس پارٹی کے اراکین پارلیمان نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے راہل گاندھی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے میں مہنگائی کے مسئلے میں حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ کانگریسی اراکین نے حکومت سے کھانے پینے کی اشیا پر لگائے جانے والے جی ایس ٹی کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے دودھ دہی ، مکھن ، چاول ، روٹی اور دال جیسی اشیاء پر جی ایس ٹی بڑھائے جانے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی سے لوگوں کا دم نکل رہا ہے لیکن حکومت کی وصولی جاری ہے۔
دوسری طرف کانگریس پارٹی کی قیادت میں حزب اختلاف کے اراکین نے منگل کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں رول، دو سو سڑسٹھ کے تحت مہنگائی کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ کیا جس کو چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے مسترد کردیا۔
وینکیا نائیڈو نے کہا کہ مہنگائی کے مسئلے پر دیگر مسائل پر بحث کے دوران بھی بات کی جاسکتی ہے ۔ ان کی اس بات کو کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور مہنگائی پر بحث کرانے کے مطالبے پر اصرار کرنے لگے۔ حزب اختلاف کے سخت رویئے کو دیکھتے ہوئے چیئرمین نے کارروائی پہلے دو بجے دن تک اور پھر پورے دن کے لئے ملتوی کردی۔

ٹیگس