Aug ۱۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۸ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی پر نریندر مودی کے حملے

ہندوستان کے وزیراعظم نے مہنگائی کے خلاف کالے کپڑے پہن کر حزب اختلاف کانگریس پارٹی کے مظاہرے کو کالے جادو سے تعبیر کیا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی نے بدھ کی شام ریاست ہریانہ کے ضلع پانی پت میں ٹو جی ایتھنول پلانٹ کو قوم کے نام وقف کرنے کی تقریب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب میں اپوزیشن پر سخت ترین حملے کئے ۔

انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دھان کی پرالی سے ایندھن بنانے والا یہ پلانٹ انڈین آئل کارپوریشن نے نو سو کروڑ روپے کی لاگت سے لگایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سے تقریبا تین کروڑ لیٹر ایتھینول تیار ہوگا اور پرالی جلانے کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے گا۔

نریندرمودی نے اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ پارٹیاں اوران کے لیڈران، بقول ان کے مایوسی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈران کی شارٹ کٹ پالیسیاں بقول ان کے ان کی مایوسی کی علامت ہیں اور ان سے شارٹ سرکٹ کا خطرہ ہے۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں مہنگائی کے خلاف کانگریس پارٹی کے حالیہ مظاہرے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم نے پانچ اگست کو دیکھا کہ کس طرح کالا جادو پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔

یاد رہے کہ کانگریس پارٹی نے گزشتہ پانچ اگست کو کالے کپڑے پہن کر مہنگائی کے خلاف مظاہرے کئے تھے۔ نریندرمودی نے کانگریسی اراکین کے کالے کپڑے پہن کے مہنگائی کے خلاف مظاہرے کو ایسی حالت میں کالا جادو قرار دیا ہے کہ جب کانگریس سمیت سبھی سیاسی پارٹیوں نے پارلیمنٹ کے مان سون سیشن میں تسلسل کے ساتھ مہنگائی کا مسئلہ اٹھایا اور اپوزیشن کے ہنگاموں کے باعث پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں کارروائیاں معطل ہوتی رہیں۔

ٹیگس