Sep ۲۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  •  بی جے پی حکومت پر مایاوتی کی تنقید

ہندوستان کی بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور یوپی کی سابق وزیر اعلی مایا وتی نے بی جے پی حکومت پر تانا شاہی کا الزام لگایا ہے۔

لکھنؤ سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایا وتی نے حزب اختلاف کو احتجاج کی اجازت نہ دیئے جانے اور مظاہروں کی سرکوبی کو تانا شاہی کا ثبوت قرار دیا ۔

یاد رہے کہ پیر کو لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مارچ کی کوشش کی تھی جس کو پولیس نے طاقت کا استعمال کرکے روک دیا ۔

یوپی کی سابق وزیر اعلی مایا وتی نے منگل کو اپنے ایک بیان میں حکومت کے اس رویئے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بی جے پی حکومت کی تاناشاہی ہے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ ریاست کی الہ آباد یونیورسٹی میں فیس میں بھاری اضافے کے خلاف  طلباء کے احتجاج کی سرکوبی کی بھی مذمت کی ۔

مایاوتی نے کہا کہ حکومت کو طلبا کے ساتھ تشدد کے بجائے ان کے مطالبات پر ہمدردانہ جذبے کے ساتھ غور کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آمرانہ رویہ اور پر امن احتجاجی مظاہروں کی سرکوبی کا سلسلہ بند کرے ۔

ٹیگس