اردو میڈیم طالبہ مریم عفیفہ انصاری، ہندوستان کی پہلی مسلم نیورو سرجن
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i414625-اردو_میڈیم_طالبہ_مریم_عفیفہ_انصاری_ہندوستان_کی_پہلی_مسلم_نیورو_سرجن
اردو میڈیم اسکول سے تعلیم کا آغاز کرنے والی طالبہ ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری ہندوستان کی پہلی مسلم نیورو سرجن بن گئیں۔
(last modified 2026-03-05T19:20:42+00:00 )
Nov ۲۴, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۲ Asia/Tehran
  • اردو میڈیم طالبہ مریم عفیفہ انصاری، ہندوستان کی پہلی مسلم نیورو سرجن

اردو میڈیم اسکول سے تعلیم کا آغاز کرنے والی طالبہ ڈاکٹر مریم عفیفہ انصاری ہندوستان کی پہلی مسلم نیورو سرجن بن گئیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق داکٹر مریم عفیفہ انصاری نے ہندوستان کی پہلی مسلم نیوروسرجن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر مریم عفیفہ نے اپنی تعلیم کا آغاز ریاست مہاراشٹر کے مالیگاؤں شہر کے ایک اردو میڈیم اسکول سے کیا تھا۔ اس کے بعد وہ  جنوبی شہر حیدرآباد چلی گئیں اور حیدرآباد میں بھی دسویں جماعت تک ان کی تعلیم کا میڈیم اردو ہی تھا۔ دسویں جماعت میں ڈاکٹر مریم عفیفہ نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق مریم عفیفہ انصاری نے عثمانیہ میڈیکل کالج، حیدرآباد، سے ایم بی بی ایس کیا اور اسی کالج سے جراحت یا سرجری میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران انہوں نے 5 طلائی تمغے حاصل کئے تھے۔

ڈاکٹر مریم نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ڈاکٹر بننے کا ان کا خواب پورا ہوگیا ہے،  میری کامیابی اللہ کا تحفہ ہے۔ مریم نے کہا کہ وہ اپنے پیشے کے ذریعے برادری کی خدمت کرنے کی کوشش کریں گی۔مسلم لڑکیوں کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہار نہ مانیں، کبھی کسی کو یہ کہنے کا موقع نہ دیں کہ آپ یہ نہیں کر سکتیں۔ کامیابی حاصل کرکے لڑکیوں کے بارے میں لوگوں کے خیالات غلط ثابت کردیں۔ مریم کی والدہ ٹیچر ہیں۔ انھیں اپنی بیٹی پر فخر ہے۔ ڈاکٹر مریم عفیفہ کو مصوری، خطاطی اور اسلامی تعلیمات میں بھی مہارت حاصل ہے۔