ہندوستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی معطل
ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا سرمائی سیشن مقررہ وقت سے چھے دن پہلے ہی ختم کردیا گیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعے کو سرمائی سیشن کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس سیشن میں لوک سبھا کے تیرہ اجلاس ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ سرمائی سیشن میں لوک سبھا کے کام کاج کی شرح ستانوے فیصد رہی۔
انھوں نے کہا کہ تیرہ روزہ سرمائی سیشن کے دوران نو سرکاری بل پیش ہوئے جن میں سے سات پاس کئے گئے۔
جمعے کو اسی طرح ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی سرمائی سیشن کے خاتمے اور کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کا اعلان کیا گیا۔
راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے ایوان کے سرمائی سیشن کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایوان کے تیرہ اجلاسوں میں ایک سو چھے ارکان نے بحث میں حصہ لیا اور وقفہ صفر کے دوران ایک سو چھے معاملات اٹھائے گئے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سال ہندوستانی پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے دوران دونوں ایوانوں میں سرحد پر چین کی دراندازی کا مسئلہ چھایا رہا۔ کانگریس پارٹی سمیت حزب اختلاف کے اراکین نے چین کے ساتھ سرحدی تنازعے پر بحث کا مطالبہ کیا اور دونوں ایوانوں میں کارروائی معمول کے مطابق نہیں چلنے دی۔
سمجھا جاتا ہے کہ چین کے ساتھ سرحدی تنازعے پر بحث کرانے پر حزب اختلاف کے اصرار اور ہنگامے کے نتیجے میں ہی سرمائی سیشن چھے دن پہلے ختم کردیا گیا۔