ہندوستان کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا ہنگامہ
ہندوستان میں پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران جمعرات کے روز دونوں ایوانوں میں اپوزیشن نے شدید ہنگامہ کیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ایوان زیریں لوک سبھا میں بجٹ سیشن کے تیسرے دن کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی اپوزیشن جماعتوں نے ہنگامہ شروع کر دیا جس کی بنا پراسپیکراوم برلا نے اجلاس کی کارروائی کو ملتوی کردیا، کچھ ایسا ہی نظارہ ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی دیکھنے کو ملا جہاں راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھن کڑ نے اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے کئے جا رہے ہنگاموں کے باعث کارروائی ملتوی کردی ۔
اجلاس کی کارروائی ملتوی ہونے کے بعد کانگریس پارٹی کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ سبھی اپوزیشن جماعتوں نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے کہ معاشی لحاظ سے ملک میں جو واقعات پیش آرہے ہیں انہیں ایوان میں اٹھایا جائے اور اس کے لئے ہم نے نوٹس بھی دیا اور ہم اس پر بحث کرانا چاہتے ہیں لیکن جب ہم نوٹس دیتے ہیں اسے مسترد کردیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ ایوان میں اس پر بحث ہر حال میں کریں گے۔