Feb ۲۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  •  مودی حکومت پر مرکزی ایجنسیوں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کرنے کا الزام

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے مودی حکومت پر مرکزی ایجنسیوں کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج پون کھیڑا اور کمیونیکیشن سیل کے سربراہ جے رام رمیش نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں مودی حکومت پر الزام لگایا کہ اپوزیشن پر ڈباؤ ڈالنے کے لئے وہ ملک کی ایجنسیوں سے کام لے رہی ہے ۔ پون کھیڑا نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا سے بوکھلائی ہوئی بی جے پی حکومت نے، چوبیس سے چھبیس فروری تک ہونے والے کانگریس پارٹی کے کنونشن سے پہلے، پیر کی صبح چھتیس گڑھ میں کانگریس پارٹی کے کئی عہدیداروں کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ حکومت، اپوزیشن سے انتقام لینے کے لئے ای ڈی سے کام لے رہی ہے۔ 
انھوں نے کہا کہ ای ڈی نے آٹھ برس میں اپوزیشن لیڈروں کے گھروں پر پچانوے سے زیادہ چھاپے مارے ہیں ۔ پون کھیڑا نے صحافیوں کو بتایا کہ نیشنل ہیرالڈ کیس میں، کانگریسی رہنما راہل گاندھی سے پچاس گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی ۔ انھوں نے کہا کہ سونیا گاندھی اور ملک ارجن کھڑگے سے بھی، گھنٹوں پوچھ گچھ کی گئی۔ کانگریس پارٹی کے مذکورہ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ ہمنت وشو شرما، شوبھندو ادھیکاری ، نارائن رانے، اور یدی پورپا سمیت، متعدد بی جے پی لیڈروں پر، بدعنوانی اور گھوٹالوں کے الزامات ہیں لیکن ای ڈی نے، ان میں سے کسی کے گھر پر، ایک بار بھی چھاپہ نہیں مارا۔ جے رام رمیش اور پون کھیڑا نے سوال اٹھایا کہ مودی حکومت، گوتم اڈانی گھپلہ معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کرارہی ہے۔ 
مذکورہ کانگریسی رہنماؤں نے بی جے پی حکومت پر عدلیہ پر بھی دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا ۔

 

ٹیگس