ہندوستان: مدھیہ پردیش پٹاخہ فیکٹری آتش زدگی، مرنے والوں کی تعداد 13، پندرہ دھماکوں کے بعد شام کو ایک اور دھماکہ ہوا
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ہردا کے بیراگڑھ علاقے میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں بھیانک آتش زدگی اور زوردار دھماکوں کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کم سے کم 200 بتائی گئی ہے۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع ہردا کے علاقے بیرا گڑھ میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں آج منگل کو صبح 11 بجے بھیانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں اب تک 13 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 200 زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں جیسے جیسے آگ پھیلتی رہی ایک کے بعد ایک دھماکے ہوتے رہے اور 2 گھنٹے تک دھماکے ہوئے ہیں۔ فیکٹری کے آس پاس واقع 100 سے زیادہ گھروں کو خالی بھی کرایا گیا ہے۔ دھماکوں کی آواز سن کر لوگوں میں افرا تفری مچ گئی اور جان بچانے کے لئے لوگ ادھرادھر بھاگنے لگے۔
بھوپال اور دیگر اضلاع سے کل 115 ایمبولینسیں جائے حادثہ بھیجی گئی ہیں۔ بھوپال اور اندور میڈیکل کالجوں کے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم بھی ہردا بھیجی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ پٹاخہ فیکٹری میں 11 سے 15 دھماکے ہوئے ہیں اور فیکٹری کے اندر 100 سے زیادہ مزدوروں کے پھنسے ہونے کی خبر ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اس دردناک حادثے پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کو 2-2 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے مدد دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ مدھیہ پردیش کی ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 4-4 لاکھ روپے دینے اور زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ ایک تحقیقاتی ٹیم بھی ریاستی حکومت نے قائم کی ہے۔
آخری اطلاع ملنے تک فیکٹری میں مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے ایک اور دھماکہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ فیکٹری میں رکھے بارود میں ہوا ہے۔