ہندوستان: کاشی اور متھرا کے لئے تحریک نہیں چلائی جائے گی، یہاں بغیر کھدائی کے ہی شواہد موجود ہیں: بی جے پی لیڈر اوما بھارتی
ہندوستان میں بھارتیہ جنتا پارٹی، بی جے پی، کی لیڈر اوما بھارتی نے کہا ہے کہ اس مرتبہ رام مندر کی طرح تحریک نہیں چلائی جائے گی کیونکہ کاشی اور متھرا میں بغیر کھدائی کے شواہد موجود ہیں۔
سحرنیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی، بی جے پی، کی لیڈر اور مدھیہ پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جیسے ایودھیا ہوا، ویسے ہی متھرا اور کاشی ہو جائے گا، اس کے لئے تحریک کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ، بقول ان کے، یہاں تو کھدائی کے بعد شواہد ملے لیکن متھرا اور کاشی میں تو کھدائی کے بغیر ہی شواہد موجود ہیں۔ ان شواہد کی بنیاد پر عدالت جو فیصلہ کرے گی، ہم اسے تسلیم کریں گے لیکن میرا عقیدہ یہی رہے گا کہ وہاں مندر کی تعمیر ہو۔
دریں اثنا، اوما بھارتی نے اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ "ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں تریتا یوگ (قدیم زمانہ) میں پہنچ گئی ہوں۔ میں اپنے چھوٹے بھائی اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا احترام کرتی ہوں، جنہیں میں 18 سال کی عمر سے جانتی ہوں۔"
واضح رہے کہ اوما بھارتی ان دنوں ایودھیا میں ہیں اور انہوں نے وہاں کے ہنومان گڑھی مندر میں درشن کے لیے جاتے وقت صحافیوں سے بات کی۔