مظلوم فسطینیوں کی حمایت میں نئی دہلی میں عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد
انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر نئی دہلی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ، اقلیتی شعبے کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں ایک عظیم الشان بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کی صدارت رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندۂ ہندوستان، آیۃ اللہ مہدی مہدوی پور نے کی-
سحرنیوز/ ہندوستان: اس کانفرنس میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندۂ ہندوستان حجۃ الاسلام مہدی مہدوی پور نے کہا کہ اس سے پہلے ایسا ظلم نہیں دیکھا گیا ، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے- مہمان خصوصی کے طور پر کانفرنس میں شریک فلسطین کے سفیر عدنان ابوالہیجا نے بھی تقریر کرتے ہوئے فلسطین کی تاریخ بیان کی اور موجودہ افسوسناک صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غزہ پر جاری اسرائیلی حملے فوری طور پر بند ہونا چاہئے اور مستقل جنگ بندی ہونی چاہئے-
ایرانی سفیر ڈاکٹر ایرج الہی نے بھی اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ سب کو متحدہ ہوکر جواب دینا چاہئے ، فلسطین ایک بار پھر کامیاب ہوگا - کانفرنس میں شریک دیگر مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا- شکیل حسن شمسی نے اسرائیل کے خطرناک منصوبوں کی روشنی میں گفتگو کی اور اس کے مظالم کو بے نقاب کیا-مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں این سی پی اقلیتی شعبے کی جانب سے ہونے والی اس کانفرنس میں علمائے کرام ، اور ایران ، فلسطین ، گانبیا جیسے کئی ممالک کے سفارتکار شریک تھے-