May ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستانی سپریم کورٹ نے اروند کیجریوال کی عبوری ضمانت منظور کرلی

ہندوستانی سپریم کورٹ نے دہلی شراب پالیسی معاملہ میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی عبوری ضمانت منظور کر لی ہے-

سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی عدالت عظمیٰ نے دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے بعد انتخابی مہم چلانے کے لئے یکم جون تک عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سنایاہے۔ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم انہیں یکم جون تک ہی ضمانت دی گئی۔ ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے اروند کیجریوال کی درخواست کی مخالفت کی تھی۔

در ایں اثنا اب شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالے میں عام آدمی پارٹی کو بھی ملزم قرار دینے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ تفتیشی ایجنسی ای ڈی کیجریوال کو ہی مبینہ گھوٹالے کا ماسٹرمائنڈ قرار دے رہی تھی۔

دہلی شراب پالیسی کے مبینہ گھوٹالے میں آج ایک اور اہم سماعت کے دروان بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی ضمانت کے معاملے میں ہائی کورٹ نے ای ڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتے کے اندر جواب طلب کرلیا ہے۔ کے کویتا کی ضمانت کی درخواست کو نچلی خصوصی عدالت نے مسترد کر دیا ہے جس کے بعد کویتا نے اس حکم کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جسے جج نے ای ڈی کے دلائل کو قبول کرتے ہوئے کویتا کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا اور اب کویتا ہائی کورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں -

ہندوستان کی کانگریس پارٹی نے دہلی کے وزیراعلی کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلی ہیمنت سورین کو بھی اسی طرح راحت ملے گی۔

ٹیگس