Aug ۱۷, ۲۰۲۴ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بعض ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان

الیکشن کمیشن نے جمعہ کو جموں و کشمیر اور ہریانہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا، جس میں کشمیر میں تین مرحلوں میں 18 ستمبر ، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے، جب کہ ہریانہ میں یکم اکتوبر کو ریاست کی تمام سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دونوں ریاستی اسمبلیوں کے ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر سکھبیر سنگھ سندھو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابی مدت کو لوک سبھا انتخابات سے کم رکھا گیا ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں لوک سبھا کے انتخابات پانچ مرحلوں میں کرائے گئے تھے۔
مسٹر کمار نے کہا کہ 90 رکنی جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 نشستوں کے لیے 20 اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، یعنی امرناتھ جی یاترا کے اختتام کے اگلے دن اور کاغذات نامزدگی 27 اگست تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اگست کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 اگست ہوگی۔ جموں و کشمیر میں جنرل زمرہ کے لیے 74 نشستیں، درج فہرست ذات کے لیے سات اور درج فہرست قبائل کے لیے نو نشستیں محفوظ ہیں۔ جموں و کشمیر میں 5 اگست، 2019 کو، آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں، جموں و کشمیر اور لداخ میں دوبارہ منظم کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے ریاست میں سال 2014 میں آخری بار اسمبلی انتخابات ہوئے تھے۔

ٹیگس