Nov ۲۳, ۲۰۲۴ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج

ہندوستان کی دو اہم ریاستوں مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے بعد اب نتائج میں رجحانات سامنے آنے لگے ہیں۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق اس وقت مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ دونوں ہی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار مہاراشٹرا میں بی جے پی کی قیادت والے مہایوتی اتحاد کے لئے واضح اکثریت کی نشاندہی کر رہے ہیں جبکہ اس کے برخلاف جھارکھنڈ میں انڈیا اتحاد کے کامیابی کی جانب آگے بڑھنے کی خبریں ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق مہاراشٹرا میں مہایوتی اتحاد دوسو بیس سے زائد نشستوں پر ووٹ کی گنتی میں آگے رہتے ہوئے بڑی جیت کی جانب گامزن دکھائی دے رہی ہے جبکہ جھارکھنڈ میں جے ایم ایم اور کانگریس کے انڈیا اتحاد نے اکیاسی سیٹوں والی اسمبلی میں ستاون سیٹوں پر برتری حاصل کر لی ہے جبکہ بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کو کُل تیئیس سیٹیں ہی حاصل ہوئی ہیں۔

مہاراشٹرا انتخابات میں مہایوتی کی زبردست برتری کے رجحانات پر شیو سینا (یو بی ٹی) رہنما سنجے راؤت نے سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ عوام کا فیصلہ نہیں ہے اور نتائج میں کچھ گڑبڑ ہوئی ہے۔ اُدھر وائناڈ میں ہوئے ضمنی انتخابات میں کانگریسی رہنما پرینکا گاندھی چار لاکھ سے زائد ووٹوں کی برتری کے ساتھ ایک تاریخی جیت کی جانب بڑھتی نظر آ رہی ہیں۔

ٹیگس