ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامے
ہندوستانی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگاموں کے باعث آج تیسرے ہفتے بھی مانسون اجلاس کی کارروائی ملتوی کرنا پڑی۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ریاست بہار میں رائے دہندگان کی شناخت کے لیے کرائے جانے والے خصوصی باریکی سے جائزے (ایس آئی آر) کے معاملے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی آج بھی ملتوی کرنا پڑی۔
رپورٹ کے مطابق آج جیسے ہی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات شروع کیا، اپوزیشن ارکان نعرے لگاتے ہوئے ایوان کے بیچ میں آ گئے اور وزیراعظم ایوان میں آؤ‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں بھی ووٹر لسٹ پر نظرثانی کے خصوصی عمل کے معاملے پر بحث پر اپوزیشن ارکان نے بدھ کو بھی راجیہ سبھا میں ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا یہ تیسرا ہفتہ ہے اور اب تک ایوان میں ایک دن بھی وقفہ صفر کی کارروائی نہیں چل پائی ہے اور وقفہ سوالات کی کارروائی بھی صرف ایک دن کے لیے ہوئی اور وہ بھی ہنگامہ آرائی کے درمیان ہی ہوئی ۔