جوہری معاہدہ علاقے کے تمام ممالک کے لئے فائدہ مند ہے۔ امیر عبداللہیان
Aug ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری معاہدہ علاقے کے تمام ممالک کے لئے مفید ہے
نائب وزیرخارجہ برائے عرب اور افریقی ممالک حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ ایران کے جوہری معاہدے سے سعودی عرب کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے تاہم سعودی حکام کو علاقے میں مثبت کردارادا کرنا ہوگا۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ سعودی عرب علاقے میں اس قسم کا کھیل کھیل کراپنا نقصان کررہا ہے جس سے علاقے کی سلامتی اورپائیدارترقی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے کی سلامتی اورامن و امان بحال کرنے کے لئے سعودی عرب کے ساتھ گفتگو اورتعاون کا خیرمقدم کرتا ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نےایک بار پھر کہا کہ یمن کے بحران کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجے میں بحران مزید پھیل سکتا ہے اور دہشت گردی میں اضافے کا خدشہ ہے ۔
ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ یمن کے مسئلے کو صرف اورصرف سیاسی طریقے سے اورتمام یمنی گروہوں کے مابین اتفاق رائے کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
az25082015
az25082015