ایران: پارلیمنٹ کے خصوصی کمیشن میں مشترکہ جامع ایکشن پلان کے جائزے کا آغاز
Aug ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے جائزے کا کام شروع ک دیا ہے۔
مشترکہ جامع ایکشن پلان کے خصوصی کمیشن کے ترجمان سید حسین نقوی حسینی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کے دوران کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے جائزے کے لئے ایک خصوصی کمیشن تشکیل دینے کے لئے پارلیمنٹ کے پندرہ اراکین کا انتخاب اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل عمل میں لائی گئی۔ جس کے بعد منگل کے دن مشترکہ جامع ایکشن پلان کے جائزے کے دائرہ کار، فریم ورک اور اجلاسوں کی مدت کا تعین کرنے کے مقصد سے بورڑ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا۔
سید حسین نقوی حسینی نے مزید کہا کہ طے پایا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کی اہمیت نیز پارلیمنٹ کی تین ہفتوں کی چھٹیوں کے پیش نظر مشترکہ جامع ایکشن پلان کے جائزے کے لئے ہفتے میں کم از کم تین اجلاس منعقد کیے جائیں
۔ سید حسین نقوی حسینی کا کہنا تھا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کا جائزہ اس کے موضوعات کے اعتبار سے لیا جائے گا اور اس سلسلے میں موضوعات کی درجہ بندی کی جائے گی۔
مشترکہ جامع ایکشن پلان کے خصوصی کمیشن کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے موضوعات کا جائزہ ایران کو حاصل ہونے والی او ایران کی جانب سے دی جانے والی مراعات، ایٹمی تنصیبات کے معائنوں، ایران مخالف پابندیوں نیز اقتصادی اور قانونی مسائل کی ترجیحات کے اعتبار سے لیا جائے گا تاکہ اس معاہدے کے منفی اور مثبت پہلوؤں نیز ایران کو حاصل ہونے والی اور ایران کی جانب سے دی جانے والی مراعات کے طویل المیعاد اثرات اور کمزور اور مضبوط نقاط واضح ہو سکیں۔