فارسی زبان و ادب کے بین الاقوامی اجلاس کے نام صدرمملکت کا پیغام
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۲۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے فارسی زبان کو ، اخلاق ، عقل، گفتگو اور اعتدال کی زبان قرار دیا ہے
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تہران میں فارسی زبان و ادب کی ترویج کے لئے منعقدہ بین الاقوامی اجلاس کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ فارسی زبان و ادب کی ترویج کے میدان میں سرگرم ادیبوں اور محققین کا کام، دنیا کی حقیقی ضرورت کو پورا کرنا یعنی عقل و خرد ، محبت و مہربانی اور ادب کوعام کرنا ہے-صدر حسن روحانی نے اپنے اس پیغام میں کہا کہ فارسی زبان ایرانی ثقافت اور فکر و سوچ کی آئینہ دار ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ وہ جغرافیائی حدود میں قید نہیں رہی بلکہ ہمیشہ دیگر زبانوں اور ثقافتوں کے ساتھ گفتگو اور لین دین کے لئے آمادہ رہی ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ فارسی زبان اپنے اندر اصلی جوہر موجود ہونے کے باعث قدیم زبانوں سے لے کر عربی ، ہندی اور ترکی زبانوں تک یہاں تک کہ نئی زبان اور ادب کو اپنے اندر سمونے کی صلاحیت کی حامل تھی اور اب بھی ہے اور زبان کی یہی طاقت ہے جو زندہ اسلامی و ایرانی ثقافت و افکار کی توانائی اور صلاحیت کو بیان کرتی ہے-