مذاکرات، یمن کے بحران کا واحد حل، ایران کے نائب وزیر خارجہ
Aug ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۱:۱۶ Asia/Tehran
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بحران یمن کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ٹیلی فونی گفتگو کرتے ہوئے حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ یمن کے بحران کو جارحیت کے خاتمے اور گفتگو کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے گفتگو کے دوران یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور انہیں مزید گفتگو کے لئے تہران کے دورے کی دعوت دی۔ اس ٹیلی فونی گفتگو کے دوران اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد الشیخ احمد نے بھی یمن کے بحران کے حل کے لئے سیاسی لائحہ عمل کی تیاری میں اقوام متحدہ کی کوششوں کی جانب اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود سیاسی گفتگو کا سلسلہ جاری ہے اور تمام فریق، اس بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی نمائندے نے کہا ہے کہ جنگ سے دوری اور مذاکرات، یمن میں امن و سلامتی کے قیام کا واحد طریقہ ہے جس سے سیاسی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔
واضح رہے کہ مارچ دو ہزار پندرہ میں سعودی فضائی حملوں کے ساتھ ساتھ، یمن میں داعش اور القاعدہ کے دہشت گردانہ اقدامات میں بھی شدت آگئی ہے جس کے نتیجے میں یمنی عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔az27082015