ایٹمی معاہدے سے ایران کی طاقت میں اضافہ ہوا: حمید بعیدی نژاد
Sep ۰۱, ۲۰۱۵ ۲۱:۵۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ویانا میں ہونے والے معاہدے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی قدرت و طاقت میں مزید اضافہ ہوا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حمید بعیدی نژاد نے منگل کے روز اپنی ایک تقریر کے دوران بتایا کہ جوہری مذاکرات کے فریق اس خام خیالی میں مبتلا تھے کہ ایران نے، اپنی اقتصادی مشکلات اور بعض ممالک کے ڈرانے دھمکانے کی وجہ سے مذاکرات شروع کیے ہیں تاہم ایرانی مذاکراتی ٹیم نے اس لئے مذاکرات میں حصہ لیا تھا کہ مغربی ممالک کو یورینیم کی افزودگی کے شعبے میں ایران کی سائنسی اور صنعتی ترقی، تسلیم کروائی جائے۔انہوں نے کہا کہ آج ایران نے استقامت و پائیداری کا راستہ اپنا کر، تمام تر جوہری حقوق حاصل کر لئے ہیں اور یہ حقوق عملی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔
حمید بعیدی نژاد نے جو ایران کی مذاکراتی ٹیم میں بھی شامل تھے، مزید کہا کہ ایران نے دنیا کی چھے بڑی طاقتوں کا مقابلہ اور یورینیم کی افزودگی کے حق کا دفاع کیا اور یہ ان سائنسدانوں کی کاوشوں کے بغیر ممکن نہیں تھا کہ جو نہ صرف جوہری شعبے میں داخل ہوئے بلکہ اس شعبے میں اپنی سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بھی بنایا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ حمید بعیدی نژاد نے کہا کہ آج دنیا کی طاقتیں یہ بات تسلیم کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں کہ وہ ایران کی جوہری صنعت کو ختم نہیں کر سکتی ہیں، کیونکہ ایران نے اس ٹیکنالوجی پر مکمل عبور حاصل کر کے اسے مقامی بنا لیا ہے اور اس میں روز بروز ترقی بھی ہو گی-