صدر مملکت اور سائبر اسپیس کونسل کے اراکین سے رہبر انقلاب اسلامی کا خطاب
Sep ۰۷, ۲۰۱۵ ۲۲:۰۵ Asia/Tehran
رہبر انقلاب اسلامی نے سائبر اسپیس میں مضبوط اور پرکشش اسلامی مواد کی تیاری کی ضرورت پر تاکید فرمائی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور سائبر اسپیس کونسل کے اراکین نے پیر کے دن رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں ثقافت، سیاست، اقتصاد، دینی اعتقادات اور اخلاقیات سمیت مختلف میدانوں میں سافٹ پاور کے طور پر سائبر اسپیس کے اثرات کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ سائبر اسپیس میں معاشرے کی اخلاقی اور فکری حدود کے تحفظ کے مقصد سے مناسب اور دقیق منصوبہ بندی ضروری ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے صراحت کے ساتھ فرمایا کہ جوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے، صحیح پالیسیاں وضع کرنے اور وقت ضائع کئے بغیر، سنجیدہ اور مربوط اقدامات انجام دے کر سائبر اسپیس کے میدان میں جمود کی حالت سے نکلنا اور بھرپور و موثر موجودگی نیز مضبوط اور پرکشش اسلامی مواد کی تیاری کی جانب گامزن ہونا چاہئے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ سائبر اسپیس میں بھرپور اور موثر موجودگی کے لئے فیصلہ سازی کا ارتکاز، وقت ضائع کئے بغیر فیصلے پر عملدرآمد، مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی اور متوازی و متضاد اقدامات سے اجتناب لازمی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے متعلق صنعتوں میں توسیع کے لئے پلاننگ اور ایران کی حکومت خصوصا سائنس و ٹیکنالوجی کے امور میں صدر مملکت کے معاون خصوصی کی حمایت کو ضروری قرار دیا اور فرمایا کہ نالج بیسڈ کمپنیوں کے ذریعے ان صنعتوں میں توسیع روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوگی۔