Sep ۱۴, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
  • بلغاریہ کے نائب وزیر خارجہ کی علاء الدین بروجردی  کے ساتھ ملاقات
    بلغاریہ کے نائب وزیر خارجہ کی علاء الدین بروجردی کے ساتھ ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کو ساری دنیا کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق بلغاریہ کے نائب وزیر خارجہ والنتین پوریا زوف نے اتوار کے دن تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی کے ساتھ ملاقات کی۔

علاء الدین بروجردی نے اس ملاقات میں امریکہ اور اس کے علاقائی اور یورپی اتحادیوں کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو مالی اور اسلحہ جاتی مدد دیے جانے اور دہشت گردی کو اچھی اور بری دہشت گردی میں تقسیم کرنے کی پالیسی اختیار کئے جانے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ داعش مخالف اتحاد صرف ایک دکھاوا ہے۔
علاء الدین بروجردی نے مزید کہا کہ دہشت گرد گروہوں کی مالی مدد اور ٹریننگ جاری رہنے کی وجہ سے یہ گروہ زیادہ مضبوط ہوئے ہیں اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو یہ گروہ دنیا کے تمام ممالک کے لئے بہت بڑا خطرہ بن جائیں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے ایران اور بلغاریہ کے حکام کے دوطرفہ دوروں کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی میدانوں خصوصا پارلیمانی تعلقات میں توسیع کی بے پناہ گنجائش پائی جاتی ہے۔
 بلغاریہ کے نائب وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں بین الاقوامی اور علاقائی امور میں ایران کے اہم کردار پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے کو درپیش مشکلات حل کرنے کے سلسلے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ بلغاریہ کے نائب وزیر خارجہ نے مشرق وسطی اور افریقہ کے موجودہ بحرانوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کا پھیلاؤ دنیا کے تمام ممالک کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔
بلغاریہ کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور بلغاریہ کے درمیان سیاسی اور پارلیمانی رابطوں میں توسیع دونوں ممالک کے اقتصادی اور صنعتی تعلقات میں فروغ کا سبب بنے گی۔

ٹیگس