یوکیا آمانو عنقریب ایران کا دورہ کریں گے: علی اکبر صالحی
Sep ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو عنقریب ایران کا دورہ کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو سے پیر کے دن ویانا میں ملاقات کی۔اس ملاقات کے بعد علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے بعض ماہرین منگل کے دن تہران پہنچیں گے اور اس ایجنسی کے سربراہ یوکیا آمانو آئندہ تین چار دن کے اندر ایران کا دورہ کریں گے۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق علی اکبر صالحی نے کہا کہ انہوں نے یوکیا آمانو کے ساتھ ایران کی موجودہ اور ماضی کی ایٹمی سرگرمیوں پر گفتگو کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ ایران نے ویانا میں یوکیا آمانو کے ساتھ حال ہی میں ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جو کہ ایک رائج معاہدہ شمار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے رکن ممالک اس ایجنسی کے ساتھ اپنی ایٹمی تنصیبات کی معائنہ کاری کے بعض امور سے متعلق معاہدے کرتے ہیں لیکن عموما ان کو منظر عام پر نہیں لایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ، ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی انسٹھویں سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لئے پیر کے دن ویانا پہنچے تھے۔ آئی اے ای اے کی سالانہ کانفرنس میں اس ایجنسی کے رکن ممالک کے وزرائے توانائی اور ایٹمی توانائی کے اداروں کے سربراہ شریک ہیں۔ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کی سالانہ کانفرنس عموما ستمبر کے مہینے میں اور اس ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد ہوتی ہے۔